حافظ قرآن کے والدین کو نور کا تاج پہنایا جائے گا۔ قاری محمد اجمل مصباحی
مبارک پور، اعظم گڑھ (نامہ نگار) حافظ قرآن کا اللہ تعالی کے نزدیک بڑا مقام ہے، اور یہ مقام و تقرب حفظ قرآن مجید کی برکت کی وجہ سے ہے۔ حافظ قرآ کا درجہ اور مقام و رتبہ اسلام کی نظر میں بہت ہی بلند ہے ۔ قرآن مجید کی تعلیم و تعلم میں مصروف رہنے والے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نظر میں اچھے اور پسندیدہ ہیں، اللہ تعالی نے حافظ قرآن کو دنیا و آخرت میں خصوصی امتیاز سے نوازا ہے۔ قرآن کریم حفظ کرنا ایک عبادت ہے اور اس عبادت کے ذریعہ حافظ قرآن رضائے الہی اور آخرت میں ثواب چاہتا ہے۔ حافظ قرآن کو چاہیے کہ قرآن مجید حفظ کر کے اس کے عوض میں دنیاوی فوائد کی تمنا نہ کرے، یہ ایک عبادت ہے جو انسان اللہ تعالی کے لیے کرتا ہے۔مذکورہ خیالات کا اظہار حافظ و قاری محمد اجمل مصباحی نے گولہ بازار واقع مصباح العلوم میں منعقدہ تکمیل حفظ قرآن کریم کی باوقار تقریب سے حفظ قرآن کریم کی اہمیت و فضیلت اور حافظ قرآن کی عظمت و رفعت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ جو والدین پانی اولاد کو قرآن مجید پڑھاتے اور حفظ کراتے ہیں ان کے لئے خوش خبری ہے کہ قیامت کے دن ان کو نور کا ایک تاج پہنایا جائے گا جس کی چمک سورج کی روشنی کی طرح ہوگی۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا بعدہ نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا گیا۔
ملحوظ رہے کہ مبارک پور کے محلہ اسلام پورہ باشندہ محمد کمال الدین کے صاحبزادے محمد سعید اختر نے قاری محمد اجمل مصباحی کی درسگاہ سے تکمیل حفظ قرآن کریم کرنے کی سعادت حاصل کی، اسی سلسلہ میں بطور تحدیث نعمت مذکورہ پروگرام کا انعقاد ہوا۔محمد سعید کی اس اعلی کامیابی پر اساتذہ، اہل خانہ اور احباب نے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس کے روشن مستقبل کی دعائیں دی ہیں۔ جن میں مولانا غلام حسین مصباحی، حافظ و قاری جمیل احمد عزیزی، مولانا محبوب عزیزی، محمد جمال الدین، محمد شعیب اختر، محمد سیف اختر، محمد اختر، محمد اویس اختر، محمد حبیب اختر، محمد سہیل اختر، محمد عیان، محمد معین اختر، اور مولانا محبوب عالم شامل ہیں۔