مبارک پور اعظم گڑھ( نمائندہ)
حافظ ملت مولانا شاہ عبد العزیز محدث مرادآبادی علیہ الرحمہ بانی الجامعتہ الاشرفیہ کا 49 واں دو روزہ عرس اور جلسہ دستار بندی کی تیاریاں ان دنوں یہاں زوروشور سے جاری ہیں، یہ عرس عزیزی اس بار 14 اور 15 دسمبر بروز جمعرات و جمعہ منعقد ہو گا، اس سلسلے میں جانشین حافظ ملت و سربراہ اعلیٰ جامعہ ہذا علامہ شاہ عبد الحفیظ عزیزی کی صدارت میں گذشتہ دنوں اراکین عرس کمیٹی اور اساتذہ اشرفیہ کی منعقدہ میٹنگ میں ذمہ داروں کوایسے چست درست انتظام کا حکم دیا گیا ہے
جس سے کہ زائرین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، ساتھ ہی عرس گاہ میں کسی بھی طرح کے غیر شرعی امور کی ادائیگی نہ ہو سکے کیونکہ یہ عرس مکمل طور سے شریعت کے دائرے میں منعقد ہوتا ہے جس میں عورتوں اور نوجوان بچیوں کی حاضری پر سخت پابندی رہنے کے ساتھ ہی زائرین عرس کو نماز باجماعت کی پابندی بھی لازمی رہتی ہے.اس سلسلے میں جامعہ اشرفیہ کے بچوں کی تنظیم مجلس خیر خواہ کے ممبران بڑی اہم ذمہ داریاں نبھاتے ہیں، مزار حافظ ملت پر، عزیز المساجد میں، ہاسٹل میں اور اسٹیج کے ارد گرد صفائی کا انتظام، نماز کے اوقات میں کمپس میں موجود دکانیں بند کرانا ان کا اہم کام ہوتا ہے، ضلع انتظامیہ، مبارک پور تھانے کی پولیس اور نگر پالیکا مبارک پور عرس کے انتظام وانصرام میں بہتر کردار کرنے کے لئے پوری طرح مستعد نظر آرہے ہیں، عرس کا باقاعدہ آغاز جمعرات کی صبح قیام گاہ حافظ ملت پر اجتماعی قرآن خوانی سے ہوگا، پھر چادرپوشی وگل پاشی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا جو دن بھر چلتا رہے گا، بعد نماز عشاء عزیزالمساجد میں اجلاس عام کا انعقاد ہوگا جس میں علماء و مشائخ شرکت کریں گے، دوسرے دن کے عرس کا آغاز بھی مزار حافظ ملت پر قرآن خوانی سے ہوگا اور شام تک چادر پوشی کا سلسلہ چلنے کے بعد شب میں جلسہ دستار فضیلت کا انعقاد ہوگا جس میں جامعہ کے فارغین کی دستار بندی کی جائے گی، یہ جانکاری جامعہ کے ناظم اعلیٰ حاجی سرفراز احمد نے اخباری نمائندوں کو دیتے ہوئے زائرین سے اپیل کی ہیکہ وہ اپنے تعاؤن سے عرس کی پاکیزگی اور انفرادیت کو برقرار رکھیں۔