نئی دہلی(ایجنسی) اتوار کو لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ شیخ نبیل قاووق بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ میں صیہونی حکومت کے حملے میں شہید ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جمعہ کی شام صیہونی فوج نے بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ پر جارحانہ حملے کیے تھے جس کے نتیجے میں لبنان حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ شہید ہو گئے تھے موصولہ اطلاعت کے مطابق عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ضاحیہ میں واقع الکولا علاقے میں صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ حملے میں اس کے دو کمانڈروں محمد عبدالعال اور عماد عودہ سمیت تین افراد شہید جبکہ دس زخمی ہو گئے۔ عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے اس حوالے سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی پرواہ کئے بغیر بےگناہ لوگوں کو جارحیت کا نشانہ بنا رہی ہے۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گيا ہے کہ ہمارے بھائیوں کو نشانہ بنانے کا مقصد مزاحمتی تحریکوں کو کمزور کرنا ہے لیکن شہیدوں کا خون دشمن کی جارحیت کے مقابلے میں مزاحمت کے زیادہ مضبوط ہونے اور اس قوم کی استقامت و پائیداری میں اضافے کا باعث بنے گا۔